کراچی: عدالت نے گرفتار ایرانی شہریوں کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

کراچی (ڈیلی اردو) جوڈیشل مجسٹریٹ نے غیرقانونی طور پر مقیم ایرانی شہریوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیرقانونی طور پر مقیم ایرانی شہریوں کو گرفتار کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو پیش کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کو سات روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے ایف آئی اے سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پاکستانی اور ایرانی ایجنٹوں کی ملی بھگت سے دستاویزات بنائے، جس کی مدد سے وہ قطر جانے کی تیاری میں تھے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے حکام نے مزید کہا کہ گرفتار ایرانی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کا اجرا حال ہی میں ہوا جس سے متعلق نادرا کے اعلیٰ افسران اور ملازمین کے خلاف انکوائریاں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انسانی اسمگلنگ ونگ نے گزشتہ ماہ کے آخر میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایرانی باشندوں کو گرفتار کیا تھا جنہوں نے نادرا کی ملی بھگت سے پاکستانی دستاویزات بنارکھی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں