ملکی سیکیورٹی سے زیادہ فوڈ سیکورٹی اہم ہے، وفاقی وزیر سید فخر امام

راولپنڈی (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر برائے فوڈ اینڈ سیکورٹی سید فخر امام کا کہنا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ بات سیکورٹی پر ہوتی ہے لیکن فوڈ سیکورٹی اس سے بھی کہیں اہم اور مشکل ہے۔ رواں سال ملک بھر کے کسانوں کو 16 ارب روپے سبسڈی مہیا کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایرِڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں سر سبز آگاہی مہم گندم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فوڈ اینڈ سیکورٹی فخر امام نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ بات سیکورٹی پر ہوتی ہے لیکن فوڈ سیکورٹی اس سے بھی کہیں اہم اور مشکل ہے، فوڈ سیکورٹی بولنا آسان ہے لیکن کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، پاکستان میں گندم کی پیداوار میں کچھ کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پیداوار میں فی ایکٹر اضافہ کرنا چاہیے۔ گزشتہ سال پنجاب میں ریکارڈ گندم پیدا ہوئی ہے، 29.4 ملین ٹن گندم ملک کی ضرورت ہے جبکہ باقی گندم باہر سے منگوانی پڑتی یے، کاشت کار کے مورال کو بلند کرنا چاہتے ہیں اور اس سے گندم کی اچھی قیمت ملے۔

فخر امام کا کہنا تھا کہ کھاد مہنگی ضرور ہے لیکن اس کے استعمال سے پیداوار میں مفید نتائج سامنے آتے ہیں، کسی بھی ریسرچ کے بغیر دنیا میں چھا نہیں سکتے۔ اسلامی ممالک میں کوئی ایسی یورنیورسٹی نہیں جس کو ہم گلوبلی کہہ سکیں۔ تقریب سے وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے بھی خطاب کیا۔

آخر میں صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے اس کانفرنس کے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں کانفرنس سے سابقہ وفاقی سیکرٹری انفارمیشن و براڈکاسٹنگ/وائس پریذیڈنٹ سینٹر فار گلوبل اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز اشفاق احمد خان گوندل، ہنز سیڈل فاونڈیشن کے نمائندہ ڈاکٹر سٹیفین کوڈیلا اور وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر آصف علی سمیت دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ٹیکنیکل سیشن بھی ہوئے جس میں مقررین نے فوڈ سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں