ہیٹی میں 17 امریکی عیسائی مبلغین اہلخانہ سمیت اغوا

پورٹ او پرنس (ڈیلی اردو) لاطینی امریکی ملک ہیٹی میں 17 عیسائی مبلغین کو اہلِ خانہ سمیت اغوا کر لیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی میں امریکا کی عیسائی مشینریز کے لیے کام کرنے والے عیسائی مبلغین کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت اغوا کرلیا جب کہ وہ ایک یتیم خانے کے دورے سے واپس آرہے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عیسائی مبلغین ایک بس میں اہل خانہ کے ہمراہ یتیم خانے سے واپس آرہے تھے۔ راستے میں خطرناک مسلح گینگ کے کارندے بس کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔

ہیٹی میں مسلح گینگ کی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس جولائی میں صدر جووینل موئس کو صدارتی محل میں گھس کر ان کی اہلیہ کے سامنے گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

ہیٹی میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں عام ہیں تاہم صدر کے قتل کے بعد سے ہیٹی میں مسلح گینگ کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں عملاً انہی گینگز کا راج قائم ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اپنے شہریوں کے اغوا سے باخبر ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح بیرون ملک امریکی شہریوں کی حفاظت ہے۔ مغویوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔

تاہم ابھی تک ہیٹی کی حکومت کی جانب سے اغوا کی اس واردات کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں