اسلام آباد سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر سمیت تین دہشت گرد گرفتار

اسلام آباد (ش ح ط) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر سمیت تین مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی ٹی ڈی ملک جمیل ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں نے تاجروں اور اسکولوں سے 30 کروڑ روپے بھتہ مانگا تھا، سی ٹی ڈی اسلام آباد کو بھی ملزمان نے خط لکھ کر دھمکی دی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی ویڈیوز اور دیگر شواہد اکٹھے کیئے گئے، خطوط سوات کے ڈاک خانے سے پوسٹ ہوئے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی جمیل ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا مرکزی ملزم شیر بخت ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر تھا۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ایجنسیوں کی مدد سے دھمکی آمیز کالز اور دس خطوط بھیجنے والے ملزمان کی تلاش شروع کی، انہیں دھمکی آمیز کالز سے ٹریس کرکے اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔

ملک جمیل ظفر نے کہا ہےکہ ملزم شیر بخت نے بھتے کے لئے افغانستان سے کالز کروائیں، اس کے 2 ساتھی افغانستان میں بھی ہیں، ملزمان نے سوات سے خطوط پوسٹ کیے تھے اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں بم بلاسٹ کی دھمکی دی۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں