کالعدم تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ: پنجاب کے 8 اضلاع میں رینجرز دستے تعینات

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ پنجاب کے 8 اضلاع میں 60 روز کیلئے رینجرز دستے تعینات کر دیئے گئے، اس حوالے سے وزارت داخلہ کی طرف سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

پنجاب میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے لانگ مارچ کی وجہ سے پیدا ہونے والی امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پنجاب کے 8 اضلاع میں رینجرز دستے تعینات کردیئے گئے،

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، لاہور، چکوال، گجرات اور فیصل آباد میں دو ماہ کیلئے رینجرز دستے تعینات رہیں گے۔ گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پنجاب میں رینجرز بلانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی پی ایل عسکریت پسند ہو چکی ہے، پنجاب حکومت جہاں چاہیے رینجرز کو استعمال کر سکتی ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے اور ان کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا کہ  کسی کو طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ٹی ایل پی مذہبی جماعت نہیں ایک عسکریت پسند گروہ ہے، اسے دہشت گرد تنظیم کے طور پر ڈیل کیا جائے گا، کوئی ریاست پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے، ہم نے القاعدہ جیسی بڑی بڑی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی ہے، انہیں دھول چٹائی ہے۔

واضح رہے کہ فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے معاہدے پر عملدرآمد اور اپنے امیر سعد رضوی کی رہائی کے مطالبات لیے کالعدم مذہبی تنظیم تحریکِ لبیک پاکستان کا لانگ مارچ کامونکی میں قیام کے بعد آج ایک بار پھر اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں