بلوچستان: 85 سالہ ہیبت اللہ حلیمی نے سیاسیات میں پی ایچ ڈی مکمل کرلی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) پاکستان کے پسماندہ ترین صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 85 سالہ علم دوست شخص ہیبت اللہ حلیمی نے ضعیف العمری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکے نوجوانوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

زندگی بھر پولیس کی نوکری کرنے والے ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ہیب اللہ حلیمی نے 2019 میں ہی بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ سے ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کی تھی مگر کورونا کی وبا کے باعث انہیں ڈگری نہ دی جا سکی تھی۔

کورونا کی وجہ سے دو سال تک تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے کے بعد حال ہی میں یونیورسٹی کانووکیشن منعقد کیا گیا، جس میں تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا۔

کانووکیشن میں زیادہ تر نوجوان طلبہ نے اسناد حاصل کیں، تاہم اسی تقریب میں 85 سالہ ہیبت اللہ حلیمی نے بھی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرکے کئی نوجوانوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ہیبت اللہ حلیمی نے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی اور انہوں نے بلوچستان میں لیویز فورس یعنی ٹریڈیشنل پولیسنگ اور ماڈرن پولیسنگ کے مسائل اور ان کے حل پر تحقیقی مکالہ لکھا۔

کانووکیشن کی تقریب میں ہیبت اللہ حلیمی خاندان کے دو نوجوان افراد کے ہمراہ گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے ڈگری حاصل کرنے پہنچے تو انہیں دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

ہیبت اللہ حلیمی کے عزم و حوصلے کو دیکھ کر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور شرکا جہاں حیران ہوئے، وہیں وہ انہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے اور گورنر نے انہیں گلے لگانے سمیت دونوں ہاتھوں سے سلامی بھی پیش کی۔

ہیبت اللہ حلیمی کا تعلق بلوچستان کے ضلع مستونگ اور سمالانی قبیلے سے ہے، انہوں نے 40 سال تک پولیس میں خدمات سر انجام دیں اور 2005 میں بطور ایس پی ریٹائرڈ ہوئے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد اگلے سال ہی انہوں نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایم فل میں داخلہ لیا اور2011 میں ڈگری مکمل کی، جس کے بعد انہوں نے پی ایچ ڈی پر کام شروع کیا اور 2019 میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کی۔

ضعیف العمری میں ہیبت اللہ حلیمی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے ڈین پروفیسر عادل زمان کاسی نے بتایا کہ ’ہیبت اللہ حلیمی ضعیف ہونے کے باوجود بہت پرعزم رہے، انہیں نہیں لگتا تھا کہ وہ پی ایچ ڈی مکمل کرلیں گے مگر وہ آخر تک اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتے ہے اور اپنے عزم کی تکمیل میں کامیاب ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں