بلاول بھٹواور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں، سپریم کورٹ کا تحریری حکم

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے تفصیلی فیصلے میں حکم دیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے فوری نکالے جائیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا فیصلہ جاری کردیا، 25 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز الحسن نے تحریر کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں حکم دیا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں، تاہم نیب کے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے خلاف تحقیقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، دونوں کے خلاف شواہد آئیں تو نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں رکھنے سے ان کے کام میں مسائل پیدا ہوں گے اور اُن کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ کرپشن اور منی لاڈرنگ کا ہے، اور بادی النظر میں نیب کو بھجوانے سے متعلقہ ہے، معاملے میں کمیشن، سرکاری خزانے میں بے ضابطگیاں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کیا گیا ہے، فریقین کے وکلا عدالت کو متاثر کُن دلائل نہیں دے سکے، چند وکلا نے تسلیم کیا کہ معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

فیصلے میں تحریر ہے کہ جے آئی ٹی نامکمل معاملات کی تحقیقات جاری رکھے گی اور جے آئی ٹی کے تمام ممبران نیب کو مزید تحقیقات میں معاونت کریں گے، جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے نیب کو بھجوائے گی،  نیب جے آئی رپورٹ کی روشنی میں اپنی تحقیقات مکمل کرے اور تحقیقات میں جرم بنتا ہو تو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیے جائیں، لیکن نیب ریفرنس اسلام آباد نیب عدالت میں فائل کیے جائیں۔

فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب مستند ڈی جی کو ریفرنس تیاری اور دائر کرنے کی ذمہ داری دیں، اور مستند و تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیم ریفرنسز کی پروسیکیوشن کے لیے تشکیل دی جائے، نیب اپنی 15 روزہ تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی اور اس رپورٹ کا جائزہ عمل درآمد بینچ لے گا، چیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے عمل درامد بینچ تشکیل دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں