2022: جرمنی نے جی سیون ممالک کی سربراہی سنبھال لی

برلن (ڈیلی اردو/روئٹرز/ڈی پی اے) جرمن وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈلر نے کہا ہے کہ جرمنی کو ’عالمی سطح پر معاشی بحالی‘ میں مدد کرنی چاہیے۔

جرمنی نے سال 2022ء کے لیے دنیا کی طاقتور معیشتوں کے گروپ جی سیون کی صدارت سنبھال لی ہے۔ جرمن وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈلر نے کہا ہے کہ جرمنی کو ‘عالمی سطح پر معاشی بحالی‘ میں مدد کرنی چاہیے۔

جرمن وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈلر نے اپنی وزارت کی جانب سے آج ہفتہ یکم جنوری کو ایک ٹوئیٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جرمنی گروپ آف سیون (جی سیون) کی اپنی صدارت کے دوران عالمی اقتصادی بحالی کے لیے معاونت کرے گا اور ماحول کے تحفظ کے اقدامات پر عملدرآمد کی راہ ہموار کرے گا۔

جرمن وزارت خزانہ کی طرف سے لِنڈلر کے نام سے جاری کردہ ٹوئیٹ کے مطابق، ”جرمنی نے سال 2022ء کے لیے جی سیون کی صدارت سنبھال لی ہے۔ جی سیون ممالک آزادی، جمہوریت اور ترقی کے حق میں کھڑے ہیں۔‘‘

ٹوئیٹ میں مزید کہا گیا ہے، ”اس کو ذہن میں رکھنے کے ساتھ، ہمیں وبا پر قابو پانا چاہیے اور عالمی اقتصادی بحالی میں مدد کرنی چاہیے۔‘‘

جی سیون اور اس میں شریک ممالک
گروپ آف سیون یا جی سیون میں امریکا، کینیڈا، جاپان، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور جرمنی شامل ہیں۔ جب یہ ممالک 1970ء میں ایک ساتھ جمع ہوئے تو اس وقت یہ دنیا کے مضبوط ترین صنعتی اقوام تھیں اور اُس وقت دنیا کا اہم ترین موضوع بھی معیشت ہی تھا۔ تاہم آج جی سیون تنظیم ایسے بین الاقوامی معاملات کو بھی دیکھتی ہے جس کے لیے ایک کثیر الجہتی نقطہ نظر کی ضرورت ہوتی ہے۔

جی سیون تنظیم کی سربراہی ایک ایک سال کے لیے اس کے رکن ممالک کے پاس رہتی ہے۔ جرمنی سے قبل سال 2021ء کے لیے اس کی سربراہی برطانیہ کے پاس تھی۔ توقع ہے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی کووڈ کی وبا کا خاتمہ جی سیون کی ایک اہم ترجیح رہے گی، جو گزشتہ دو برس کے دوران مسلسل پھیل رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جی سیون ممالک کے وزرائے صحت نے نومبر 2021ء میں ملاقات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں