ایران: طالبان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی تہران میں احمد مسعود سے اہم ملاقات

تہران (ڈیلی اردو) طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے سابق جہادی رہنما اسماعیل خان اور افغان قومی مزاحمتی محاذ کے رہنما احمد مسعود سے تہران میں ملاقات کی ہے۔

امیر متقی نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ طالبان حکام کے ایک وفد کے ساتھ تہران گئے تھے۔

طالبان وزیر خارجہ نے کابل واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ‘ہم نے ایران میں کمانڈر اسماعیل خان اور احمد مسعود سے بھی ملاقات کی، دوسرے افغانوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنے ملک واپس آنے کی دعوت دی۔ اور انھیں یقین دلایا کہ انھیں کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔’

افغان قومی مزاحمتی محاذ کے قریبی ذرائع نے بھی بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس ملاقات کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ ملاقات ایران کی ثالثی میں ہوئی تھی۔

صوبہ پنجشیر پر، جو طالبان مخالفیں کا مرکز رہا ہے، طالبان کے قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انھوں نے اپنی مخالف مزاحمتی تنظیم کے کسی راہنما سے ملاقات کی ہے۔

اسماعیل خان سابق جہادی کمانڈر ہیں اور ایک عرصے تک مغربی صوبہ ہرات کے گورنر رہے ہیں۔ گزشتہ برس ہرات پر طالبان کے قبضے کے دوران انھیں حراست میں لے لیا گیا تھا تاہم جلد رہا کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ ایران کے شہر مشہد چلے گئے۔

احمد مسعود سابق جہادی کمانڈر اور شمالی اتحاد کے راہنما احمد شاہ مسعود کے بڑے بیٹے ہیں۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد وہ روپوش ہوگئے تھے اور طالبان کے خلاف افغان قومی مزاحمتی محاذ کے پرچم تلے مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

احمد مسعود پہلے بھی ایران کے غیر رسمی دورے کر چکے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ ایران کی قومی نشریاتی ایجنسی کے مطابق سعید خطیب زادہ نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘ہم امید کرتے ہیں کہ اس کا نتیجہ افغانستان کے لوگوں کا روشن مستقبل ہوگا۔’

ایران اس سے قبل بھی افغانستان میں ایسی حکومت کے قیام پر زور دیتا رہا ہے جس میں تمام نسلی اکائیوں کی نمائندگی ہو، اور اس ملاقات کو اسی مقصد کے لیے راہ ہموار کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

افغان وزیر خارجہ امیر متقی نے اتوار کو ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان سمیت وزارت خارجہ کے دیگر حکام اور ایرانی صدر کے خصوصی ایلچی حسن کاظمی قومی سے بھی ملاقات کی۔

انھوں نے ایرانی حکام سے اپنی اس ملاقات کو مثبت قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں