کراچی سے کالعدم تنظیم جنداللہ اور القاعدہ کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

حساس اداروں کے اہلکاروں نے کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب کالعدم القاعدہ و جند اللّٰہ سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کو کراچی پہنچنے پر کر لیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق 39 سالہ سید کاشف علی شاہ عرف شاہین کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ کی ریڈ بک کے نویں ایڈیشن میں رجسٹرڈ ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی اور کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کاشف علی شاہ عرف شاہین کو گرفتار کرلیا۔

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کا نام ریڈبک میں شامل ہے، مبینہ دہشتگرد کو لائنز یا کراچی سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم جنداللہ، القاعدہ سے ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد 2004 میں کور کمانڈر کراچی پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کا ساتھی ہے، ملزم حملے کے بعد سے پاکستان کے مختلف شہروں میں روپوش رہا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا ملزم کاشف علی کافی عرصے سے راولپنڈی میں روپوش تھا، کراچی پہنچنے کی انٹیلی جنس سے اطلاع ملی جس پر گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد کراچی میں سلیپر سیل چلانے کی کوشش کر رہا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ مبینہ دہشت گرد بڑی کارروائی کے لیے کراچی میں موجود تھا، مزید تفتیش جاری ہے، گرفتار ملزم کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے پانچ لاکھ کا انعام رکھا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں