کراچی سے بھاری مقدار میں نیٹو کا اسلحہ برآمد

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اولڈ سٹی ایریا میں عمارت کے نیچے دفن کئی سال پرانا نیٹو کا اسلحہ برآمد کرلیا۔

ضلع وسطی پولیس نے اولڈ سٹی ایریا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور دفن شدہ اسلحہ برآمد کیا، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ کارروائی نیپئر تھانے کی حدود میں کی گئی، برآمد ہونے والے اسلحے میں اینٹی ائیر کرافٹ گن، مارٹر گولے بھی شامل ہیں، رات ہونے پر اسلحے کی تلاش میں کھدائی کا کام روک دیا گیا جبکہ مزدور آج پھر سے کھدائی کریں گے۔

پولیس کے مطابق گودام مالک نے گودام کس سے لیا، اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی۔ سراغ لگایا جائے گا کہ اسلحہ دفن کرتے وقت کون گودام کا مالک تھا۔

ماضی میں ڈی جی رینجرز سندھ رہنے والے رضوان اختر کہہ چکے تھے کہ نیٹو کے اسلحے سے بھرے 19 ہزار کنٹینر افغانستان جاتے ہوئے غائب ہوئے۔

اس بیان پر بعد میں امریکی حکام کی تردید بھی آئی تھی لیکن کراچی میں مختلف اوقات میں مختلف جگہوں پر آپریشنز کے دوران زير زمین، نالوں اور مختلف جگہوں پر پانی کے ٹینکس میں چھپائے گئے اسلحے برآمد ہوتے رہے ہیں۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2013 کے بعد آپریشن کے دوران اسلحہ چھپایا گيا لیکن بہت سے سوال اب بھی باقی ہیں، اسلحہ کہاں سے لایا گيا؟ کون لایا؟ کب یہاں چھپایا گیا؟

پولیس کے مطابق اس طرح کا اسلحہ چند برس قبل عزیز آباد سے بھی برآمد ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں