امریکا کی کراچی یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی محکمہ خارجہ نے کراچی یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گرد حملہ کہیں بھی ہو قابل مذمت ہے تاہم تعلیمی اداروں اور مذہبی جگہوں پر حملے زیادہ قابل مذمت ہیں۔ دہشت گرد حملے انسانیت کی توہین ہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ انسدا د دہشتگردی اوربارڈر سیکورٹٰی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون جاری رہے گا۔ پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ کئے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ مذہبی آزادی کا کمیشن کوئی حکومتی ادارہ نہیں ہے محکمہ خارجہ کا مذہبی آزادی کا دفتر ان سفارشات کا جائزہ لے رہا ہے۔

یاد رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں ایک خاتون خودکش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا تھا جس میں کنفیوشس سینٹر کے سربراہ سمیت 3 چینی باشندے اور ایک پاکستانی ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا تھا کہ خودکش بمبار شاری بلوچ کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں