کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جامعہ کراچی میں 26 اپریل کو خودکش دھماکا کرنے والی خاتون حملہ آور کے شوہر ڈاکٹر ہیبتان بشیر پر ٹیرر فنانسنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں انسپکٹر ثنااللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں ہیبتان بشیر سمیت دیگر افراد نامزد ہیں۔ نامزد ملزم اور ساتھیوں پر کراچی یونیورسٹی میں دھماکے کے لیے فنڈنگ کا الزام ہے۔
پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور خاتون شاری حیات کے شوہر ہیبتان بشیر اور دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
خاتون بمبار اور شوہر کی گزری فلیٹ سے نقل و حرکت کی مزید سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، خودکش حملہ آور خاتون پچیس اپریل کو گزری فلیٹ سے صبح سوا 10 بجے نکلی تھی اور ناکامی پر ساڑھے 3 بجے تک واپس آگئی تھی۔
واضح رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے پاس وین کے قریب خودکش دھماکا کیا گیا جس میں تین چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔