لاہور (ڈیلی اردو) وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ دہشتگردوں کی سرکوبی میں سی ٹی ڈی کا کردار قابل تعریف ہے۔ پنجاب میں جدید اور مؤثر پولیسنگ میرے ترجیحی لائحہ عمل کا حصہ ہے۔ سی ٹی ڈی کی آپریشنل اور انٹیلیجنس استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔
حمزہ شہباز نے ٹریننگ بلاک اور کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم بلاک کا بھی وزٹ کیا۔ ڈیٹا سینٹر، سائبر کرائم یونٹ، جیو فنیسنگ سینٹر، لیبز، آئی ٹی سیکشن اور دیگر سیکشنز کا مشاہدہ کیا۔ مختلف شعبوں میں کام کرنے والے سٹاف سے ملاقات کی۔ فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ انار کلی بم دھماکے کے کیس کو حل کرنے اور دہشت گردوں کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی کے افسروں میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفیکٹس تقسیم کیے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی بنیاد وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں رکھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا لگایا گیا یہ پودا اب ایک تن آور درخت بن چکا ہے۔ سی ٹی ڈی فورس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا ہراول دستہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کیلئے نئی پوسٹوں پر بھرتی کی منظوری دی۔