افغانستان: قندھار میں دھماکا، ایک شہری سمیت طالبان فورسز کے 5 اہلکار ہلاک

قندھار (ڈیلی اردو/شِنہوا) افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار کے علاقے اسپن بولدک میں ایک گاڑی دھماکہ خیز مواد سے ٹکرانے کے نتیجے میں 5 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ضلع اسپن بولدک کے پولیس سربراہ مولوی محمد ہاشم محمود نے جمعہ کے روز اس مہلک حملے کی تصدیق کرتے ہوئی، مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ گزشتہ جنگوں میں بچ جانے والا ایک دھماکہ خیز آلہ جمعرات کی صبح ایک گاڑی سے ٹکرایا۔

طلوع نیوز نے جمعہ کو اطلاع دی کہ دھماکے میں ایک شہری اور انتظامیہ کے 5 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے۔

گزشتہ سال اگست میں طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد سے سڑک کنارے بم دھماکوں اور پرتشدد واقعات میں کافی کمی آئی ہے، اور طالبان کی زیرقیادت نگراں حکومت نے تمام افغانوں سے وطن واپس آنے اور اپنے وطن کی تعمیر نو میں ہاتھ بٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں