چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پنجاب کے دوروں کا اعلان

لاہور( ڈیلی اردو) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب میں سیاسی دوروں کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وکلاء بارز سے خطاب کروں گا، نواز شریف علیل ہیں، ان سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی زیرصدارت بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پارٹی کی کارکردگی ، مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ سمیت اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ اسمبلی میں عوام کے حقوق کیلئے بھرپور اور موثر آواز بلند کی جائے ۔ عوام کو حکمرانوں کے دعوئوں اور عملی اقدامات کی اصل تصویر دکھائی جائے۔ اجلاس میں بلاول بھٹوزرداری نے پنجاب میں دوروں کا اعلان کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو پنجاب میں وکلاء بارز سے خطاب کریں گے۔

بلاول بھٹو نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ نوازشریف سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملنے جا رہا ہوں۔ نواز شریف علیل ہیں انہیں علاج کی مناسب سہولت ملنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں حکومت نان اشوز پرہنگامہ برپا کرتی ہے۔ حکومت نے نااہلیت کی انتہاء کردی ہے۔ اب میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ مہنگائی عروج پر ہے۔ لوگوں سےعلاج کی سہولیات تک چھین لی گئی ہیں۔عام آدمی روٹی کوترس رہا ہے اور غریبوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ قوم کوقربانیوں کا صلہ مہنگائی کی شکل میں دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک پر خطرات کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ جبکہ حکمران نان اشوز میں پھنسے ہیں۔ وزراء متنازع بیانات دے کر پارلیمنٹ کا وقت ضائع کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں