ابوجا (ڈیلی اردو) نائجیریا میں حکام نے کہا ہے کہ مسلح افراد نے ان گیارہ مسافروں کو رہا کر دیا ہے، جنہیں مارچ میں شمالی نائجیریا میں ایک ریل گاڑی پر حملے کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا۔
حکام کا خیال ہے کہ درجنوں مغوی افراد اب بھی اغوا کنندگان کی حراست میں ہیں۔
ملکی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ حکومت تمام اغوا شدہ مسافروں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ رہائی پانے والے مسافروں کو ابوجا کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ ان افراد کو کیسے اور کہاں سے رہا کیا گیا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ آیا ان کی رہائی کے لیے کوئی تاوان بھی ادا کیا گیا۔
اٹھائیس مارچ کو ایک مسلح گروہ نے ابوجا اور کادونا کے درمیان ریلوے ٹریک کے ایک حصے کو دھماکے سے اڑا دیا اور ایک مسافر ٹرین پر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے اور کئی مسافر اغوا کر لیے گئے تھے۔