بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں 2 کشمیریوں کو ہلاک کردیا

سرینگر (ڈیلی اردو/آئی این پی) بھارت کے زیر اہتمام جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ایک تازہ کارروائی میں بدھ کو ضلع شوپیاں میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد دو دن میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی۔

سرحد پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کنجی کولر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ہلاک کیا۔

فوجیوں نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا جس سے لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہوگئی جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی جاری رکھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ منگل کو ضلع کے علاقے مشی پورہ میں محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔علاقے میں رات بھر کی خاموشی کے بعد فوجیوں نے آج صبح ایک بار پھر فائرنگ شروع کردی جس سے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں