کراچی (ڈیلی اردو) کاونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ سندھ (سی ٹی ڈی) نے کھارادر بم دھماکے میں ملوث پولیس اہل کار کو گرفتار کرلیا، ملزم کا تعلق سندھ پولیس کے انتہائی اہم یونٹ ریپڈ رسپانس فورس سے ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے اندرون سندھ میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار دلبر علی کو گرفتار کیا ہے جو ک ریپڈ ریسپانس فورس (آر آر ایف) میں تعینات ہے۔ یہ فورس سفارت خانوں، غیر ملکی باشندوں سمیت اہم تنصیبات پر سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیتی ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ ملزم کا تعلق علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشن آرمی (ایس آر اے) سے ہے، ملزم رقم تقسیم کرنے اور دیگر امور میں ملوث رہا ہے، ملزم بم دھماکے میں ملوث ہے، گزشتہ ماہ کھارادر کپڑا مارکیٹ میں بم دھماکے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے تھے، ملزم سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریپڈ رسپانس فورس سندھ پولیس کا انتہائی اہم یونٹ ہے، آر آر ایف کے اہل کار سفارت خانوں اور غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے علاوہ سندھ پولیس کے ہیڈ آفس، کراچی پولیس کے ہیڈ آفس کے ساتھ ساتھ دیگر اہم تنصیبات پر بھی تعینات ہوتے ہیں۔