شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں دو اہلکار ہلاک، دو زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد اور فوجی ہلاک ہوگیا۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوئے دہشتگرد کی شناخت ضیاء اللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں چار سدہ کے لانس نائیک زاہد احمد بھی ہلاک ہوگئے۔

ادھر شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن رزمک کی تحصیل دوسلی کے علاقے جامل خیل میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ بدھ کی شب شمالی وزیرستان کے رزمک کیڈٹ کالج کے داخلی دروازے پر دستی بم کے ایک حملے میں کم از کم تین کیڈٹس زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں