راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے علاقے پاروم میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے پاروم کے قریب وسطی مکران پہاڑی سلسلے میں پاک فوج نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کلیئرنس آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش میں سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد مارے گئے، دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں میں ملوث تھے، دہشتگرد پنجگور کے علاقے پروم اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کے قافلوں پر آئی ای ڈی نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گردوں نے اسلحہ بارود علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کیلئے استعمال کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔