کراچی سے تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں کاونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سندھ رینجرز نے مشترکہ کارروائی کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ‘انتہائی مطلوب دہشت گرد’ کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم قاری شاکر اللہ کا قریبی ساتھی ہے اور سی ٹی ڈی کو انتہائی مطلوب تھا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

بیان میں بتایا گیا کہ انتہائی مطلوب دہشت گرد سعودی عرب میں چھپا بیٹھا تھا، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اور اس کے ساتھیوں نے سائٹ ایریا میں 2013 میں شیر احمد خان کو قتل کیا تھا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے کہا کہ محمد الیاس ٹی ٹی پی میں 2012 میں شامل ہوا تھا، اس کی دوسرے کیسز میں بھی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ قریبی تھانوں سے بھی مزید تصدیق کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 اہم اور انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں