شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد ہلاک

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے دو قبائلی اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4 کا تعلق شمالی وزیرستان، دو کا لکی مروت جبکہ دو کا تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی میں پیش آیا ہے جہاں خدی مارکیٹ سے گزشتہ رات دو افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کے بعد دریائے ٹوچی کے کنارے قتل کردیا۔

دوسرا واقعہ تحصیل میر علی کے علاقے حیدر خیل کے قریب پیش آیا جہاں ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 جونوان ہلاک ہوگئے۔

اتوار کو مقامی افراد نے نمائندہ ڈیلی اردو بتایا کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے گاؤں حیدر خیل میں یوتھ آف وزیرستان کے چار عہدیداروں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔

سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ چاروں نوجوان وقار احمد داوڑ، سنید احمد داوڑ، عماد داوڑ اور اسداللہ کو دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق چاروں نوجوان ایک دوست کے ہاں کھانا کھانے کے بعد واپس جارہے تھے جب اُن کو نشانہ بنایا گیا۔

مقتولین کار میں سوار تھے جب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چاروں افراد کی لاشیں میرعلی ہسپتال منتقل کی گئیں۔

مقامی افراد میں واقعے کے بعد سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے کہ جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین نے نوجوانوں کے قتل کو حکومت اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیا ہے۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ وہ خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے یوتھ آف وزیرستان کے عہدےدار اسد اللہ کو ذاتی طور پر جانتے تھے اور وہ اس واقعے پر غمزدہ ہیں جو متعلقہ محکموں کی نااہلی کے باعث ہوا۔

حقوق خلق موومنٹ کے رکن عمار علی جان نے ٹویٹ کیا کہ یہ اندوہناک واقعہ ہے جس میں اُن کے کامریڈ اسد اللہ سمیت چار نوجوان مارے گئے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں بھی مختلف واقعات میں دو افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔

پہلا واقعہ خیسور کے گاؤں توروام میں پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک دکاندار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے جبکہ دوسرے واقعے میں علاقہ شکتوئی میں ایک مقامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں