ڈیرہ اسماعیل خان: کلاچی میں تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (کاشف محمود) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کارروائی کی اور اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان گنڈہ پور گروپ سے ہے۔

اس سے قبل 18 جون کو شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان ‘شدید فائرنگ کے تبادلے’ میں پاک فوج کا نائیک زاہد احمد ہلاک ہو گیا تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا جس کی شناخت ضیا اللہ کے نام سے ہوئی اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

اپریل میں سکیورٹی فورسز نے کلاچی میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

دہشت گردوں کی شناخت خلیل اور احسان عرف دیوا کے نام سے ہوئی تھی۔ دہشت گرد خلیل خود کش جیکٹس اور بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔

دہشت گردوں کے زیرِ استعمال دو مشین گنوں کے علاوہ چار گرینیڈ برآمد کیے گئے تھے۔ دہشت گرد مختلف حملوں میں ملوث رہے اور پولیس کے پانچ جوانوں کی شہادت کے واقعے میں بھی ملوث تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں