سندھ: جیکب آباد میں دھماکا، 2 افراد ہلاک، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 8 زخمی

جیکب آباد (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد کے مولا داد روڈ پر کھڑی موٹرسائیکل میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور تین پولیس اہلکاروں سمیت 8 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی سمیر نور چنہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

سمیر نور چنہ نے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت غلام مصطفیٰ جکھرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

سول سرجن ڈاکٹر انیس سنجرانی سول ہسپتال جیکب آباد نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ آٹھ زخمیوں کو سول اسپتال لایا گیا ہے، جن میں سے ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں چانڈکا ہسپتال لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جیکب آباد سمیت چودہ اضلاع میں پولنگ ہونے جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں