جامعہ کراچی خودکش حملہ کیس: عینی شاہد نے ملزم داد بخش کو شناخت کر لیا

کراچی (ویب ڈیسک) جامعہ کراچی میں چینی شہریوں پر خودکش حملہ کیس کے ملزم داد بخش کی شناخت پریڈ کے دوران عینی شاہدی نے ملزم کو شناخت کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق جامعہ کراچی میں چینی شہریوں پر خودکش حملہ کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو ملزم داد بخش کی شناخت پریڈ ہوئی، جس میں جامعہ کراچی خودکش حملے میں زخمی ہونے والے اور واقعے کے عینی شاہد نے ملزم کو شناخت کرلیا۔

شناخت پریڈ کے دوران ملزم کے ساتھ 10 ڈمی ملزمان بھی پیش کیے گئے تھے۔ عینی شاہد نے ملزم کو شناخت کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم حملے سے قبل جامعہ کراچی آیا تھا۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نے خودکش حملے سے قبل چینی اساتذہ کو لانے والی وین کی ریکی بھی کی تھی۔

جامعہ کراچی خودکش حملہ کیس کے ملزم کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو شناخت پریڈ کے موقع پر سٹی کورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملہ کیس میں ملوث ملزم داد بخش کو دھماکا خیز مواد کے مقدمے میں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزم داد بخش کی نشاندہی پر گلشن اقبال کچی آبادی سے دستی بم اور بارودی مواد برآمد کیے۔

ملزم کے خلاف بارودی مواد برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم داد بخش نے جامعہ کراچی خودکش حملے کے لیے ریکی کی تھی۔ عدالت نے ملزم داد بخش کو دھماکا خیز مواد کے مقدمے میں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں