این سی او سی نے محرم الحرام کیلئے ایس او پیز جاری کردیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے محرم الحرام کے دوران ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے محرم الحرام کے لیے ایس او پیز جاری کر دیئے، جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے لازم ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ مجلس، جلوس کے دوران ماسک پہننے، سینیٹائزر کا استعمال ضروری ہے اور مجالس میں شریک ہونے کیلئے ویکسینیٹڈ ہونا لازمی ہے۔

ایس او پیز کے مطابق مجلس کا مقام کھلا ہونا چاہیے جہاں وینٹی لیشن کے انتظامات ہوں اور مجالس، جلوسوں کے دوران ماسک پہننا، سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہے۔

این سی او سی نے کہا کہ 36 سال کے بزرگ حضرات اور بچے گھر سے مجلس سنیں، کورونا ایس او پیز کے ہدایت نامے ہر مجلس میں جاری کرنا لازم ہے۔

مجالس میں کھانے کے اہتمام سے متعلق ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کھانا ڈسپوزایبل ترجیحاً پہلے سے پیک ڈبوں میں کیا جائے، کھانا تقسیم کرنے کی جگہ پر بھیڑ نہ لگائی جائے اور ہرگز ہرگز ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتا جائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 30 جولائی کو محرم الحرام کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، اس صورت میں یوم عاشورہ 8 اگست کو ہوگا۔

خیال رہے ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 600 سے زائد نئے کیسز اور 7 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں