جرمنی میں پولیس کے اسلحہ ڈپو میں دھماکے

برلن (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/اے پی/اے ایف پی) فائر فائٹرز جرمن دارالحکومت کے مغرب میں گرونے والڈ کے جنگل میں لگی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ اس آگ سے وہاں پولیس کا ایک اسلحہ خانہ متاثر ہوا اور دھماکے بھی سنائی دیے۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی کوشش جاری ہیں۔

برلن کے فائر بریگیڈ محکمے نے آگ لگنے کی اطلاع دیتے ہوئے ٹوئٹر پر بتایا، ”گرونے والڈ میں آگ لگی ہوئی ہے اور وہاں دھماکے ہو رہے ہیں۔‘‘

مزید بتایا گیا کہ آگ لگنے کی اطلاع موصول ہونے پر ہنگامی خدمات شروع کر دی گئیں۔ برلن کا فائر بریگیڈ محکمہ اپنے 100 سے زائد اہلکاروں کے ساتھ جائے واقعہ پر پہنچ گیا۔

جرمنی کی قومی ریلوے ڈوئچے بان نے بتایا کہ آگ لگنے سے مقامی اور طویل فاصلے کی ٹرینوں کی خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔

مقامی ٹریفک حکام کے مطابق بعض شاہراہوں پر آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

صورت حال واضح نہیں

محکمہ فائر بریگیڈ کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ”صورت حال ابھی واضح نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے والے عملے کو جائے واقعہ اور دھماکوں کی جگہ سے تقریباً 1000میٹر پیچھے ہٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی عملے اور فوجی ماہرین کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ”صورت حال کے بارے میں فی الحال کچھ بھی کہنا ممکن نہیں ہے۔ آگ بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے۔‘‘

ترجمان نے بتایا، ”اس وقت ہم صلاح و مشورے کر رہے ہیں اور صورت حال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔‘‘

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دھماکے کیوں ہو ئے۔ جس جگہ دھماکے ہوئے ہیں وہاں دھماکہ خیز مواد اور ہتھیار رکھے جاتے تھے۔ اس جگہ کی نگرانی برلن پولیس کا ہتھیاروں کا یونٹ کرتا ہے۔

تقریباً تین ہزار ہیکٹر رقبے پر پھیلا ہوا گرونے والڈ جنگل برلن کے سب سے بڑے سبزہ زاروں میں سے ایک ہے۔ یہ شہر کے مغربی کنارے سے شروع ہوکر پوٹسڈام تک پھیلا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں