شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، ایک اہلکار اور ایک دہشت گرد ہلاک، 2 گرفتار

اسلام آباد + میران شاہ (ڈیلی اردو/نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی، اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا، دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی انصر علی ہلاک ہوگیا، 30 سالہ سپاہی انصر علی کا تعلق تعلق ناروال سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگرد سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

بیان کے مطابق علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں