ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ’منفی سوشل میڈیا مہم پر فوج میں شدید غم و غصہ ہے‘، آئی ایس پی آر

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے، جس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے، کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ’منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا اور ان کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔‘

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس مہم پر ’شہدا کی فیملیز اور افواجِ پاکستان کے رینک اینڈ فائل میں شدید غم وغصہ اور اضطراب ہے۔ اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی۔‘

’کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ اور توہین آمیز مہم جوئی کی گئی۔ یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہے۔‘

خیال رہے کہ رواں ماہ اس حادثے کے بعد بظاہر ایک سیاسی جماعت سے منسلک بعض اکاؤنٹس نے فوج کے خلاف ٹویٹس کی تھیں اور اس حوالے سے متعدد ٹرینڈ چلائے گئے تھے۔ ان پر رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایسے اکاؤنٹس کا ان کی جماعت سے ’کوئی تعلق نہیں ہے۔‘

ٹوئٹر پر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی ایم اور بی ایل اے کے اکاؤنٹس فوج کے خلاف ٹویٹس کر رہے ہیں لیکن انھوں نے تصویر تحریک انصاف کی لگا رکھی ہے۔ تمام دوست ایسے اکاؤنٹس سے ہوشیار رہیں اور پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں