راولپنڈی: ہیلی کاپٹر حادثے پر منفی پروپیگنڈا ناقابل قبول ہے، میجر جنرل بابر افتخار

راولپنڈی (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد شروع ہونے والی منفی سوشل میڈیا مہم اور پروپیگنڈے سے ادارے اور لواحقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس طرح کا بے حسی کا رویہ ’ناقابل قبول ہے اور اس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔‘

انھوں نے کہا کہ یہ ’افسوسناک حادثہ تھا جس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افراد شہید ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔‘

’ادارہ اور لواحقین تکلیف اور کرب کی کیفیت سے گزر رہے تھے۔ ان کی تدفین کی گئی اور چار دن بعد یہ بیان دیا گیا ہے۔ مخصوص لوگوں نے سوشل میڈیا پر غلط قسم کا پروپیگنڈا اور بے حس کمنٹس دینا شروع کر دیے۔ پوری قوم کربناک کیفیت سے گزر رہی تھی۔ اس طرح کی قیاس آرائیاں کرنا، ذاتی ترجیحات کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے تبصرے غیر حساس تھے جس سے پورے ادارے اور لواحقین کو بہت نقصان پہنچا ہے۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔

’اس طرح کے لوگوں کی جانب سے خاص کر سوشل میڈیا پر یہ کام شروع ہوجاتا ہے۔ معاشرے میں ان چیزوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے، انھیں رد کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسا اجتماعی طور پر ہی ممکن ہے۔ اسے اجاگر کرنا بہت ضروری۔ بے حسی کا رویہ ہر سطح پر ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ ہمارے دشمن ممالک کی طرف سے یہ چیزیں فیڈ کی جاتی ہیں۔ اس سے صرف اپنے ملک و قوم کا نقصان ہوتا ہے۔‘

اس سے کچھ دیر قبل رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ فوج مخالف مہم فیک اکاؤنٹس کی مدد سے چلائی گئی اور ان اکاؤنٹس کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

دریں اثنا فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دفتر خارجہ نے وضاحت دی ہے کہ افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں