پاکستان میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس اور مجالس

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج آٹھ محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے جبکہ کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے نمائش چورنگی سے کھارادر تک سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ 8 محرم الحرام کے جلوس کے راستوں کو سیل کرنے کے لیے کنٹینر بھی لگائے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ، صدر، ریگل، کھارادر سمیت جلوس کے راستوں میں آنے والے دکانیں اور مارکیٹیں بھی سیل کردی گئی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ جلوس کے راستوں کو عام ٹریفک کے لیے کنٹینر لگا کر بند کیا جارہا ہے، شہری متبادل راستہ اختیار کریں۔ شہادتِ امام حسینؑ کی یاد میں ملک بھر میں مجالس حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں ملک بھر میں مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔

مختلف شہروں میں ذاکرین نے کربلا میں حضرت قاسم ؑ کی شجاعت کے واقعات بیان کیے اور نبیؐ کے گھرانے پر یزیدی فوج کے مظالم کا تذکرہ کیا گیا۔

جلوسوں میں سوز و گداز کے ساتھ نوحہ خوانی بھی کی گئی، امام عالی مقام کی فوج کے سپہ سالار حضرت عباسؑ کے علم کی شبیہ اور امام حسینؑ کے ذوالجناح کی شبیہ برآمد ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں