سری لنکا سیاحوں کو طویل المدتی ویزے جاری کریگا

کولمبو (ڈیلی اردو) سری لنکا کی وزارت سیاحت نے ملک میں آنے والے سیاحوں کیلئے طویل المدتی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نوول کورونا وائرس کی عالمی وباء اور اقتصادی بحران کے بعد بحران زدہ سیاحتی صنعت کو بحال کیا جا سکے۔

وزارت سیاحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے پیر کے روز غیر ملکی خبر رساں ایجنسی شِنہوا کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کابینہ کو پیش کی گئی تجویز کے بعد وزارت سیاحت جلد ہی الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن کے ذریعے درخواست دینے والے افراد کو 30 کے بجائے 180 دن کے ساحتی ویزے جاری کرے گی جبکہ سنگل انٹری والے مسافروں کو 270 دن تک ملک میں رہنے کی اجازت دی جائیگی۔

ملٹی پل ویزا کی مدت کو ایک سال تک بڑھایا جا سکتا ہے جو پہلے صرف 90 دنوں تک محدود تھی۔

ایندھن کی شدید قلت اور بگڑتے ہوئے معاشی بحران کی وجہ سے حالیہ مہینوں میں سری لنکا کی سیاحتی صنعت کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

سیاحت سری لنکا کیلئے غیر ملکی کرنسی کمانے کا ایک اہم ذریعہ ہے تاہم نوول کورونا وائرس کے باعث یہ شعبہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں