منی لانڈرنگ کیس: نیب نے معروف صنعت کار میاں منشاء کو بیٹوں سمیت کل طلب کرلیا

لاہور (ڈیلی اردو) پاکستان سے برطانیہ منی لانڈرنگ کے الزام میں نیب نے پاکستان کے معروف صنعتکار میاں منشاء کو تفتیش کیلئے بیٹوں سمیت کل طلب کرلیا، نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ لندن میں سینٹ جیمزہوٹل خریدنے کی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے صنعت کار میاں منشاء اور ان کے بیٹوں میاں حسن منشاء اور میاں عمر منشاء کو تفتیش کے لئے طلب کرلیا اور نوٹس جاری کردیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کوطلبی کےنوٹس 28 مین گلبرگ لاہور کے پتے پر پہنچا دیےگئے اور میاں منشا کے ملازمین نے طلبی کے نوٹس وصول کیے۔
نیب کے مطابق میاں منشاء نے لاکھوں پاونڈ سے برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا، ان پر یہ رقم غیر قانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منتقل کرنے کا الزام ہے۔

نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ سینٹ جیمزہوٹل اینڈ کلب خریدنےکی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں، اورمالکانہ دستاویزات بھی ساتھ لائیں۔

خیال رہے اس سے پہلے نیب نے میاں منشاء اوران کےبیٹوں کوپہلےبھی دو مرتبہ طلب کیالیکن وہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی میاں منشا کوشامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

یاد رہے 11 مارچ کو لاہور ہائی کورٹ نے کاروباری شخصیت میاں منشاء کی نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کر دی تھی اور میاں منشا کو نیب کی تفتیش میں تعاون کرنے کا حکم دیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا اگر میاں منشا کو گرفتاری کا خدشہ درخواست ضمانت دائر کریں۔
واضح رہے میاں منشا اور اُن کے بیٹوں پرمنی لانڈرنگ کا الزام ہے، میاں منشا نے 2010 میں برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا، جس کی خریداری کے لیے انہوں نے کروڑوں پاؤنڈز غیر قانونی طریقے سے برطانیہ بھیجے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں