بھارت: مہاراشٹر میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں جمعیت علمائے ہند کے رہنما سمیت دو افراد زخمی

نئی دلی (ڈیلی اردو) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پربھانی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں جمعیت علمائے ہند کے رہنما اور ایک مدرسے کے سربراہ زخمی ہوگئے ہیں۔ جمعیت علمائے ہند کی پربھانی یونٹ کے صدر اور دارالعلوم فرقانیہ، سیلو کے سربراہ مولانا محمد صادق ندوی پر مدرسے سے گھر جاتے وقت حملہ کیا گیا۔

جمعیت علمائے ہند نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مولانا ندوی اپنے ساتھی حافظ جنید کے ساتھ  گھر جارہے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے ان پر حملہ کیا اور ندوی کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے وہ زمین پر گرکر شدید زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں طبعی معائنہ کے بعد ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔

جمعیت علمائے ہند کے مہاراشٹر ونگ کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف  سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء  دلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ظفر الاسلام خان نے واقعہ کے بارے میں ایک ٹویٹ میں اسے نفرت انگیز جرم قرار دیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں