لکی مروت میں تحریک طالبان پاکستان کے دو شدت پسند ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رات گئے جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے دو شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا، آرمی کے دستوں نے آپریشن جنرل ایریا شیخ بدین پہاڑ پر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں دو شدت پسند مارے گئے، مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک شدت پسند ٹارگٹ کلنگ اور سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے لکی مروت میں اپنے دو جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

ترجمان محمد خراسانی نے دعویٰ کیا ہے کہ لکی مروت کے علاقے درہ تنگ میں فوج نے مجاہدین پر چھاپہ مارنے کی غرض سے آئی، جس کے نتیجے میں مجاہدین نے اپنے دفاع میں جنگ شروع کی، جو دن دس بجے شروع ہوئی اور اگلے دن صبح تک جاری رہی۔

جھڑپ میں فوج کو شدید جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، فوج کو اپنی لاشوں اور زخمیوں کو لے جانے کیلئے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کرنا پڑے، جبکہ ہمارے دو ساتھیوں شفیع الرحمن اور انعام اللہ مارے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں