کوئٹہ میں کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 منشیات اسمگلرز ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق سی ٹی ڈی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے دہشت گرد ہیروئن کی کھیپ ٹرک میں چھپا کر قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے کراچی اسمگل کرنا چاہتے ہیں۔

دہشت گرد ہیروئین کی اسمگلنگ سے شدت پسند تنظیموں کی مالی معاونت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

اطلاع  پر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں تھانہ شالکوٹ کی حدود میں گلزار آباد کے مقام پر ناکہ بندی کر کے چیکنگ شروع کی گئی، اس دوران مذکورہ ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ٹرک میں سوار نامعلوم منشیات فروشوں نے سی ٹی ڈی پر فائرنگ شروع کردی جس پر سی ٹی ڈی افسران نے حفاظتی اقدمات لیتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔

ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں چار ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ملزمان کے قبضے سے27 کلو گرام ہیروئن، چار عدد 9 ایم ایم پستول، 17 کارتوس برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹرک کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ 

ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈ ی تھانے میں درج کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ سی ٹی ڈی بلوچستان کے ڈی آئی جی اعتزاز احمد گورائیہ نے گزشتہ دنوں انکشاف کیا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں منشیات کے کاروبار سے فنڈز جمع کرکے انہیں دہشت گرد منصوبوں کی مالی اعانت کے لئے استعمال کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں