عمران خان امن کے حامی ہیں تو مسعود اظہر ہمارے حوالے کردیں، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج

نئی دہلی ( نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے فوجی اور سفارتی محاذ پر ناکامی کے بعد اپنی سبکی چھپاتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اتنے بڑے امن کے داعی ہیں تو جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو بھارت کے حوالے کیوں نہیں کردیتے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھارت بھجوائے جانے کے عمل نے نہ صرف دنیا بلکہ بھارتی عوام کے دلوں کو بھی جیت لیا تھا، وزیراعظم کے اس عمل کے بعد بھارت میں ہی مودی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی تھیں۔

انتخابات جیتنے کے لیے مودی سرکار کی جھوٹی سرجیکل اسٹرائیک اور پھر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کے جنگی جنون نے خود بی جے پی سے بھارتی عوام کو منحرف کردیا تاہم وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امن کے لیے اٹھایا گیا قدم مودی حکومت کو ایک آنکھ نہ بھایا۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے فوجی اور سفارتی محاذ پر ناکامی کے بعد اپنی سبکی چھپاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں فوراً آوازیں اٹھنا شروع ہوجاتی ہیں کہ عمران خان بڑے سیاستدان ہیں اور امن کے حامی ہیں، اگر پاکستانی وزیراعظم عمران خان اتنے بڑے امن کے داعی ہیں تو جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو بھارت کے حوالے کیوں نہیں کردیتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں