نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے میں 2 پاکستانی راشد اور طلحہ نعیم شہید، 9 لاپتہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) دفتر خارجہ نے کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد حملے کے بعد لاپتہ پاکستانیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق واقعے کے بعد 9 پاکستانی لاپتہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں دہشتگردی کے دوران 9 پاکستانی لاپتہ ہوئے۔ ان میں ذیشان رضا اوران کے والد و والدہ، ہارون محمود ،سہیل شاہد، سید اریب احمد، سید جہانداد علی، نعیم راشد اورطلحہ نعیم شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ہمارا سفارتی مشن مزید تفصیلات لے رہا ہے۔

نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے کے دوران دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کرنے والے قابل فخر پاکستانی سپوت نعیم راشد نے اپنے بیٹے طلحہ نعیم کے ہمراہ جام شہادت نوش کرلیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق نعیم راشد کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا اور فائرنگ کے وقت انہوں نے صرف اپنی جان بچانے کی کوشش نہیں کی بلکہ دوسروں کو محفوظ رکھنے کیلئے حملہ آور کو روکنے کی جستجو کی کہ اسی دوران انہیں گولیاں لگیں اور وہ شہید ہوگئے۔ ان کے صاحبزادے طلحہ نعیم بھی شہدا میں شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مساجد پر کیے جانے والے حملے میں حافظ آباد، پنجاب سے تعلق رکھنے والے محمد امین زخمی ہیں۔ انہیں دو گولیاں لگی ہیں۔ وہ بیٹے کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے تھے۔

میدیا نے ان کے اہل خانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے بیٹے کے ساتھ وہیں مقیم تھے۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

محمد امین کی ہمشیرہ اور ان کے رشتہ داروں کے مطابق اسپتال انتظامیہ ان سے ملنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہے۔

متاثرہ خاندان کے افراد نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے صاحبزادے کو باپ سے ملنے کی اجازت دلوانے میں مدد کرے۔

ڈیلی اردو کے مطابق محمد امین کے گھر پر عزیز و رشتہ داروں نے پہنچنا شروع کردیا ہے اور ہر ایک ان کے حوالے سے پریشان ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ حملے میں ایک زخمی پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے۔محمد امین کا تعلق حافظ آباد سے ہے،وہ آئی سی یو میں ہیں۔اکتوبر 1951میں پیدا ہونے والے محمدامین کو متعدد گولیاں لگی ہیں

ایک اور زخمی پاکستانی کا نام اریب ہے جو فیڈرل بی ایریا کراچی سے تعلق رکھتے ہیں۔ 27 سالہ اریب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی طرف سے بھیجے گئے تھے۔ وہ والدین کے اکلوتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے سید اریب کو ٹانگ میں گولی لگی ہے۔

زخمیوں میں دو انڈوینشیا کے باشندے بھی شامل ہیں۔

اردن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی شناخت وسیم درامغیہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ وسیم پانچ سال قبل نیوزی لینـڈ پہنچا تھا۔وسیم اور اسکی بیٹی کو متعدد گولیاں لگی ہیں۔ دونوں شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق شہدا میں سے دو کا تعلق اردن اور تین کا بنگلہ دیش سے معلوم ہوا ہے جب کہ پانچ پاکستانی، تین ترکش، دو افغانی اور نو بھارتی تاحال لاپتہ ہیں۔

مغربی میڈیا کے مطابق کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں کل 50 افراد شہید اور 48 زخمی ہوئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ کو مقامی عدالت نے پانچ اپریل تک کے لیے ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کر دیا ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سفید فام نسل پرست 28 سالہ دہشت گرد دائیں بازو سے تعلق رکھتا ہے اور آسٹریلوی شہری ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق ملزم کو ہتھکڑی لگا کرعدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں پولیس کی جانب سے ملزم پر فی الوقت قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق دیگر الزامات بعد میں لگائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں