انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری

راولپنڈی (ڈیلی اردو) محکمہ انسدادِ دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) نے خودکش حملوں میں معاونت کرنے اور دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث انتہائی مطلوب 21 دہشت گردوں کی فہرست جاری کردی۔فہرست میں شامل 18 دہشت گردوں کے سر پر حکومت کی جانب انعامی رقم بھی مقرر کی گئی ، جس کی مالیت 2 لاکھ سے لیکر دو کروڑ تک ہے۔

ان دہشتگردوں میں سرِ فہرست اور سب سے خطرناک ملزم مطیع الرحمٰن عرف صمد سیال ہے جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے رکھی گئی جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے بھی اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر ہے۔

مذکورہ ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے جلسے میں کیے گئے خودکش حملوں میں ملوث ہے جبکہ اس کا تعلق لشکر جھنگوی، تحریک طالبان اور حرکت جہاداسلامی سے ہے

جاری کردہ فہرست میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے، لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے )کے دفتر، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ پر ہونے والے خود کش حملوں اور پولیس اہلکاروں سمیت فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث دہشت گرد شامل ہیں۔

ان دہشت گردوں کی فہرست میں شناختی علامات اور تفصیلات بھی موجود ہیں جبکہ اس فہرست کو جاری کرنے کا مقصد سی ٹی ڈی کی جانب سے ان کی گرفتاری میں شہریوں کی مدد حاصل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ فہرست میں شامل زیادہ تر دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جبکہ دیگر کالعدم جماعتوں میں لشکر جھنگوی، کالعدم سپاہ صحابہ وغیرہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں