اگلا پی ایس ایل میرانشاہ، خیبر پختونخوا، مظفر آباد کے سٹیڈیمز میں ہوگا: میجر جنرل آصف غفور

کراچی(ڈیلی اردو) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز یونس خان سٹیڈیم میران شاہ، شاہد آفریدی سٹیڈیم خیبر پختونخواہ اور مظفر آباد کے سٹیڈیمز میں ہوں گے۔

کراچی میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں اگلا سپرلیگ ایونٹ پاکستان میں ہوگا،چیئرمین پی سی بی سے بات ہوئی،وہ تمام میچز پاکستان میں کروانے کے لیے پرعزم ہیں، اگلے سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں کروانے کیلئے بھرپور انتظامات کریں گے،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا،جس طرح سکیورٹی فورسز نے کام کیا،اسے ریورس نہیں کیاجاسکتا، ایونٹ کا کامیاب انعقاد ملک کے دشمنوں کے لیے جواب ہے،خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں سپورٹس سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترانہ پڑھتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف کے وہ ہی تاثرات تھے جو ہر پاکستانی کے ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کراچی پچھلی بار بھی فائنل کا میزبان تھا، آج بھی فائنل کی میزبانی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی اور یونس خان سٹیڈیم میں بھی میڈیا باکس بنا رہے ہیں، پی ایس ایل کی کامیابی خوشیوں کی جانب قدم ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میران شاہ اور دیگر علاقوں میں سٹیڈیم کی تعمیر کےلئے پی سی بی سے بات ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اگلا پی ایس ایل پاکستان میں کروانیکا اعلان کرچکے ہیں جبکہ چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بھی وزیر اعظم کے اس اعلان کی تائید کردی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں