شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ

پیانگ یانگ (ڈیلی اردو) جنوبی کوریا کی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے سمندری علاقے میں ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہشمالی کوریا نے مغربی ساحلی شہر نمپو کے قریب ایک علاقے سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ میزائل تجربہ اس وقت ہوا ہے جب شمالی کوریا نے خبردار کیا تھا کہ اس کے کسی بھی میزائل کو مار گرانے کے اقدام کو ’اعلان جنگ‘ تصور کیا جائے گا۔

جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ اسے پتہ چلا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مغربی ساحل سے دور سمندر کی طرف ایک مختصر فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

جنوبی کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا کہ آج شام تقریباً 6 بجکر 20 منٹ پر مغربی ساحلی شہر نمپو کے قریب ایک علاقے سے ہتھیار سے فائر کیا گیا، انہوں نے فوری طور پر اس بات کا اندازہ جاری نہیں کیا کہ میزائل نے کتنی دور تک پرواز کی۔

یہ میزائل تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بااثر بہن کم یو جونگ کے منگل کو خبردار کرنے کے بیان کے بعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا ان کا ملک امریکہ اور جنوبی کوریا کے خلاف فوری زبردست کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے.

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے مزید کہا تھا کہ کیونکہ اتحادی اپنی فوجی تربیت کو وسعت دے رہے ہیں اس لیے شمالی کوریا بڑھتے ہوئے جوہری خطرے سے نمٹنے کے اقدامات کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں