کابل میں افغان وزارت خارجہ کے دفتر کے باہر خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا۔

ترجمان طالبان کے مطابق خودکش بمبار نہیں رکا تو سکیورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلادی دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خودکش دھماکا کردیا۔

خودکش حملے میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکیورٹی اہلکاروں، سرکاری دفاتر اور امام بارگاہوں پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

واضح رہے کہ چھ ماہ میں افغانستان کے وزارت خارجہ کے دفتر پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں