روس نے جاسوسی کے الزام میں امریکی صحافی کو گرفتار کرلیا

ماسکو + واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) روس میں امریکی اخبار کے رپورٹر کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

ماسکو سے خبر ایجنسی کے مطابق امریکی رپورٹر ایون گرشکووچ کی روس کی عدالت میں پیشی ہوئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق روسی عدالت نے امریکی رپورٹر کو 29 مئی تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔

امریکی رپورٹر وال اسٹریٹ جرنل کے ماسکو بیورو میں کام کرتا ہے۔

دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روس میں امریکی صحافی کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ صحافیوں اور میڈیا کے خلاف روس کے اقدامات قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صحافی کے اخبار وال اسٹریٹ جرنل سے رابطے میں ہیں۔

علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ کے حکام نے امریکی اخبار سے رابطہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ رپورٹر کے خاندان اور روسی حکومت سے رابطے میں ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ روسی حکومت کی امریکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں قبول نہیں، امریکی شہریوں کو فوری روس چھوڑ دینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں