ذاکر نوید عاشق قتل کیس: مجرم ذیشان کو دو بار سزائے موت کا حکم

گوجرانوالہ (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں دوران مجلس معروف شیعہ ذاکر نوید عاشق بی اے کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ذیشان کو دو مرتبہ سزائے موت کا حکم دیا۔

غیر قانونی اسلحہ کی دفعات کے تحت مجرم کو دو سال قید کا بھی حکم دیا گیا۔

عدالتی فیصلہ کے بعد مجرم ذیشان کو سیالکوٹ جیل واپس بھجوا دیا گیا ہے۔ شیعہ ذاکر نوید عاشق بی اے کے قتل کا واقعہ گذشتہ سال سیالکوٹ کے علاقہ پٹھانوالی میں پیش آیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال سیالکوٹ میں مجلس عزاء کے دوران ذاکر نوید عاشق بی اے کو ملزم نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ وہ تحریک لبیک کے اشرف جلالی کا شاگرد ہے اور ان کے ایماء پر ہی نوید عاشق بی اے کو قتل کیا ہے۔

سیالکوٹ پولیس نے ذاکر نوید عاشق بی اے کے فرزند شیخ محمد عمار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا تھا۔ مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 شامل کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں