حزبِ اللہ کی مالی معاونت کا الزام؛ لبنان کی کاروباری شخصیت پر پابندی عائد

واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے) امریکہ اور برطانیہ نے ہیروں اور فن پاروں کا کاروبار کرنے والے ایک ڈیلر ناظم احمد پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے کیوں کہ ان پر لبنان میں قائم عسکری گروپ حزب اللہ کو مالی مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔

پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے برطانیہ نے کہا کہ اس نے ناظم احمد کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں اور برطانیہ میں کسی کو بھی ان کے ساتھ یا ان کی ملکیت میں کسی بھی کمپنی کے ساتھ کاروبار کرنے سے روک دیا ہے۔

امریکہ جس نے 2019 میں احمد کے خلاف اسی طرح کی پابندیاں نافذ کی تھیں، مزید کارروائیوں کا اعلان کیا۔

ان پابندیوں کا اطلاق متعدد ممالک میں موجود ان 52 افراد اور ایک نیٹ ورک میں شامل اداروں پر ہوگا جنہوں نے احمد کے فائدے کے لیے نقد رقم، ہیرے، قیمتی جواہرات، فن پاروں اور عیش و عشرت کے سامان کی ترسیل میں سہولت فراہم کی ۔

واشنگٹن میں محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ ان اداروں نے احمد کو امریکی پابندیوں سے بچنے میں “حزب اللہ کی مالی اعانت اور اس کے پرتعیش طرز زندگی کو برقرار رکھنے میں مدد کی۔”

ساتھ ہی امریکی محکمہ خارجہ نے بھی حزب اللہ کی مالی معاونت کے بارے میں مزید معلومات کی فراہمی پر پہلےسےرکھے گئے 10 ملین ڈالر کے انعام کی طرف توجہ دلائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں