بھارتی ریاست منی پور میں متعدد گرجا گھر نذر آتش، حالات کشیدہ، کرفیو نافذ

نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کی ریاست منی پور میں قبائلوں اور غیر قبائلیوں کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی میں متعدد گرجا گھر اور درجنوں مکانات کو آگ لگادی گئی جس پر فوج طلب کرکے 8 اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست منی پور کے دارالحکومت اِمپھال میں پُر تشدد مظاہرے اور مشتعل برادریوں کے ایک دوسرے کے گھروں اور املاک پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس قبائلی اور غیر قبائلی آبادیوں کے فسادات کو روکنے میں مکمل طور پرناکام رہی۔ ریاست میں فوج کو طلب کرکے 5 روز کے لیے انٹرنیٹ سروس معطل اور اجتماعات پر پابندی لگادی گئی۔

منی پور کے سب سے زیادہ متاثرہ 8 اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ متعدد گرجا گھروں اور مکانات کو نذرِ آتش کیا گیا جس میں درجنوں افراد کے جھلس جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔

اس ہنگامہ آرائی کا آغاز غیر قبائلی آبادی کی جانب سے قبائلی درجے کے مطالبے پر ہوا۔ قدیم قبائلی تنظیموں نے اس مطالبے پر شدید احتجاج کیا تھا جو تشدد میں تبدیل ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں