ڈیرہ اسماعیل خان: 21 شیعہ افراد کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر اقبال عرف بالی کھیارہ ہلاک

اسلام آباد + ڈی آئی خان (ش ح ط/بیورو رپورٹ) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹی ٹی پی کا سرکردہ کمانڈر اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس کے ساتھ مقابلےمیں ساتھی سمیت مارا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ عبدالرؤ ف بابر قیصرانی نے نمائندہ ڈیلی اردو کو بتایا کہ ڈی ایس پی عابد اقبال جن کو حال ہی ایس ڈی پی او پروآ سے ایس ڈی پی او تھانہ صدر تعینات کیا گیا ہے تھانہ پروآ میں فیئر ویل پارٹی کےلئے جارہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار بالی کھیارہ اور اس کے ساتھی نے اچانک ڈی ایس پی عابد اقبال کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ڈی ایس پی کے گن مینوں کی جوابی فائرنگ سے تحریک طالبان پاکستان کا مطلوب کمانڈر اقبال عرف بالی کھیارہ ولد اللہ وسایا اپنے ساتھی مفتی جاوید سمیت مارے گئے جبکہ ملزمان کی طرف سے ہونیوالی فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی عابد اقبال شدید زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او ڈیرہ نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی عابد اقبال کو تین گولیاں لگیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈی پی او ڈیرہ نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے اقبال عرف بالی کھیارہ کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ‘ ہینڈ گرینڈ ‘ آئی ڈی جیکٹ اور ساڑھے تین لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔

مارے جانیوالا دہشتگرد اقبال عرف بالی کھیارہ خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت کو 32 مقدمات میں مطلوب تھا جن میں خودکش حملے، پولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملے، اہل تشیع کے مختلف افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دہشت اقبال عرف بالی ملتان پولیس کو 5 مقدمات میں مطلوب تھا۔

ذرائع کے مطابق اقبال عرف بالی کھیارہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے1 کروڑ 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کر رکھا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ اقبال عرف بالی کھیارہ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان کو دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ میں ملوث تھا۔ اقبال بالی شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے 21 افراد کے ٹارگٹ کلنگ اور 7 خودکش حملوں میں بھی ملوث تھا۔

اقبال بالی کھیارہ کی ہلاکت کے پی پولیس کی رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی ہے، دہشت گرد اقبال عرف بالی حالیہ ڈی ایچ کیو اسپتال ٹراما سینٹر خودکش دھماکے میں بھی ملوث تھا۔

اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس پر ڈی ایس پی اقبال پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارا گیا، دہشت گرد اقبال ساتھی مولویسمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا، دہشت گرد اقبال دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی 26 وارداتوں میں ملوث تھا، اقبال عرف بالی کھیارہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے ایک کروڑ 5 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔

آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور کے مطابق محمد اقبال خودکش حملہ آور کا سہولت کار اور ٹریننر تھا، اقبال ہائی پروفائل مطلوب دہشتگرد تھا ، اقبال کے تانے بانے سری لنکا ٹیم پر حملے میں بھی تھے، ڈیرہ اسماعیل خان میں اس دہشتگرد سے متعلق ریکی چل رہی تھی ، آج پولیس کا دہشتگرد اقبال عرف بالی سے مقابلہ ہوا۔

آئی جی خیبرپختونخوا اخترحیات خان گنڈا پور نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت نے اقبال عرف بالی کھیارہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ رکھی تھی ،کے پی حکومت نے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے رکھی تھی۔

ملزم کے سامان میں سے اسکا شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔ جو 2015 میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا

آئی جی نے بتایا کہ دہشتگرد کا تعلق لشکر جھنگوی و دیگر کالعدم تنظیوں سے تھا۔

آئی جی اخترحیات نے بتایا کہ دہشت گرد اقبال عرف بالی پولیس اہلکار لائق زمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، ڈی ایس پی کے گن مین لائق زمان کو قائداعظم پولیس میڈل دینےکی سفارش کی جائےگی، دہشت گردوں نے ڈی ایس پی پر فائرنگ کی توگن مین نے فوری جوابی فائرنگ کی، گن مین کی جوابی فائرنگ سےاقبال عرف بالی سمیت دونوں دہشتگرد ہلاک ہوئے، ڈی ایس پی کے گن مین لائق زمان نے بہادری کا مظاہرہ کیا، لائق زمان نے دو صوبوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کیا۔

کالعدم القاعدہ اور ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کی ہلاکت خیبرپختونخوا پولیس کی رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی سمجھی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں