لوئر دیر میں ایف سی اہلکار نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں سیکورٹی فورسز کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق لوئر دیر میں ایف سی کے سپاہی فضل حیان قوم اتمانخیل سکنہ باجوڑ نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی۔

فائرنگ کی آواز سن کر ساتھی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو اہلکار کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی۔ فضل حیان کو جبڑے میں گولی لگی جو سر سے پار ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیا گیا ہے اور جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ذرائع ذرائع کا کہنا ہے کہ ضروری کارروائی کے بعد اہلکار کی لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ لوئر دیر کے اہلکاروں پر غیر قانونی کام کرنے کا کافی دباؤ رہتا ہے۔ جو اہلکار ایسا نہیں کرتے ہیں انہیں بے عزت کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افسران کی جانب سے دباؤ کی وجہ سے بہت سے اہلکار بلڈ پریشر اور دل کے مرض سے پریشان ہیں۔

سابق سینیئر فوجی افسران کا کہنا ہے کہ فوجی بیرکوں کی سخت اور انتہائی تناؤ بھری زندگی بھی بعض جوانوں کو انتہائی قدم اٹھانے کے لیے مجبور کردیتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بہت سے جوانوں کو چھٹیاں نہیں ملتی اور وہ مسلسل مہینوں تک ڈیوٹی کرتے رہتے ہیں۔ وقت پر ترقی نہ ملنا بھی ایک مسئلہ ہے۔ ایسے میں جب وہ اپنے مسائل سینیئر افسران کے سامنے بیان کرتے ہیں اور ان پر توجہ نہیں دی جاتی تو ان  میں غصہ اور ناراضی بڑھ جاتی ہے۔

ایک اور افسر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلح افواج کے جوانوں میں تناؤ کی ایک اور وجہ انسداد دہشت گردی کے مقاصد کے لیے ایک ہی جگہ پر کافی طویل عرصے تک تعیناتی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ سکیورٹی جوانوں کا اصل کام اپنے شناخت شدہ دشمن کا مقابلہ کرنا ہے لیکن دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں انہیں اپنے ہی ہم وطنوں کے خلاف کارروائی کرنی پڑتی ہے۔ اور ان کارروائیوں کے بعد انہیں اکثر نکتہ چینی کا شکار بھی ہونا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں