افغان اور چینی وزرائے خارجہ کی پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقاتیں، علاقائی سلامتی امور پر تبادلۂ خیال

راولپنڈی (ڈیلی اردو/وی او اے) ایک سہ فریقی اجلاس کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنے والے افغان طالبان کی عبوری حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں سرحد پر انتظامات، علاقائی سلامتی سمیت کئی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اس ملاقات میں موجودہ سیکیورٹی صورت حال میں بہتری کے لیے میکنزم بہتر بنانے پر گفتگو کی گئی۔

پاکستان کے آرمی چیف نےہمسایہ ممالک کے درمیان مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا جب کہ افغان وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وہ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

دورے کے دوران افغان وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد نے اسلام آباد میں اتوار کو پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زراداری سے ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امیر خان متقی نے ہفتے کو رات گئے اسلام آباد میں پاکستانی پشتون رہنماؤں سے ملاقات کی تھی جن میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزائی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان، جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے طالبان انتظامیہ کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کو پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جانے کی خصوصی اجازت دی تھی۔

آرمی چیف کا سی پیک منصوبے کے لیے چین کی مکمل حمایت کا عزم

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے چین کے وزیر خارجہ چن گانگ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں مشترکہ امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

خیال رہے کہ چینی وزیر خارجہ بھارت میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستان پہنچے ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے چینی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا جو کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک اہم جز ہے۔

دوسری طرف ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چن گانگ نے سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس کی بر وقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی سراہا۔

ملاقات میں آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں چین کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے مشترکہ سلامتی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں